متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے راہنما زبیرطارق کیانی نے کہا ہے کہ خطے سے غربت ، جہالت و افلاس اور تعصب و تنگ نظری کے خاتمے کیلئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کشمیر کی وحدت اور سا لمیت پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے۔ ریاست کی تمام اکایئوں کو دوبارہ متحد کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت پاڑاٹی اور بھنا کھر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں رجعت پسندی کے نجائے ترقی پسند عوام دوست اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی قوتوں کے اتحاد کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے۔ ریاست جموں و کشمیر کی تقسیم کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عام انتخابات میں قوم پرست جماعتوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جاتا ہے جو قابلِ مذمت ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکے پی این پی کے دیگر لیڈروں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہماری پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے کشمیر کی خودمحتاری اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں اور یوکے پی این پی کی کشمیر کے لئے قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پارٹی کی چیرمین سردار شوکت علی کشمیری اور یوکے پی این پی کے راہنماوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ نے ہمیشہ سچ بولنے کی قیمت ادا کی ہے اور کبھی کشمیریوں کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ حکومتِ پاکستان ایجنسیوں کی کشمیر سیاست اور امور میں مداخلت بند کرے اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق مہیا کرے